2

بزنس کمیونٹی کے حقوق بھیFBRکی ذمہ داری ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو ۔ ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد ڈاکٹر شاہ محمد خان نے کہا ہے کہ ٹیکس سے متعلقہ مسائل کو ٹیکس لینے اور دینے والوں کے باہمی اشتراک سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات چیف کمشنر نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ جو بزنس کمیونٹی کے حقوق ہیں وہ ایف بی آر کی ذمہ داری ہے اسی طرح جو ایف بی آر کے حقوق ہیں اُن کی ذمہ دار بزنس کمیونٹی ہے۔ رجسٹریشن میں تاخیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ا س سلسلہ میں ایف بی آر کے متعلقہ ونگ سے بات کردی ہے تاکہ رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جاسکے تاہم انہوں نے کہا کہ ایک خیال ہے کہ ٹیکس فراڈ اور فلائنگ انوائسز کے کیس دوسرے شہروں کی نسبت فیصل آباد میں زیادہ ہیں ۔ اس سلسلہ میں بزنس کمیونٹی کو ایف بی آر سے تعاون کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ فراڈ سے جہاں حکومتی ریونیو متاثر ہوتا ہے وہاں درست طریقے سے کام کرنے والوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کے حوالے سے کہا کہ وہ پہلے سے ہی اُن کے نوٹس میں ہیں اور وہ ان کے حل کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں۔ تاہم ٹیکس فراڈ کا سلسلہ رجسٹریشن سے شروع ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ محکمہ اس سلسلہ میں احتیاط سے کام لیتا ہے۔ ری فنڈ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 99فیصد FASTERکے ذریعے پروسیس کئے گئے جبکہ باقی رہ جانے والوں کو مینوئیل طریقے کار کے تحت ادا کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں