62

جمہوری استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ناصرف آئین کی خالق ہے بلکہ یہ جمہوریت کی محافظ سیاسی جماعت بھی ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے آٹھویں ترمیم کے ذریعے سے آئین پاکستان کو اس کی اصل صورت میں بحال کیا ہے ۔ ہم آج بھی جمہوریت کے استحکام اور آئین کی پاسداری کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اٹھایا جانے والا ہر قدم ملک کے استحکام اور جمہوریت کی بقا کا ضامن ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سٹی فیصل آباد کے صدر رانا نعیم دستگیر خاں نے ایک پالیسی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسر اقتدار آئی ہے اس نے عام آدمی اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے معیار زندگی کو بحال کرنے پر بھر پور توجہ دی ہے ۔ ہم آئندہ بھی اقتدار میں آکر بھٹو ازم کی ترویج و ارتقا اور جمہوریت کے فروغ کے لیے بھر پور کام کرینگے ۔ ہماری پہلی ترجیح ملک سے مہنگائی بیروز گاری اور غربت کا خاتمہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا صدر پاکستان نامزد ہونا جمہوریت اور جمہوری اداروں کی ترقی و ترویج کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے ۔ حال ہی میں عارف علوی نے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے لیے جو غیر آئینی و غیر قانونی حربے استعمال کئے ہیں اور آئین کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی کی ہے ہم ان کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مناسب وقت پر ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے فروغ اور ملک کے معاشی استحکام کے لیے مستقبل قریب میں بننے والی حکومت کے ساتھ قومی سطح پر تعاون کرنے کا اعادہ کیا ہے جس کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اپنا آئینی و دستوری اور اخلاقی کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریگی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں