64

فیصل آباد میں ٹریفک جام ، چالانوں کی بھر مار سے شہری پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم’ شہر کے اکثر چوراہوں پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، جبکہ سی ٹی او مقصود احمد لون کی ہدایت پر ٹریفک وارڈن بلاوجہ شہریوں کے دھڑا دھڑ ٹارگٹڈ چالان کرنے میں مصروف۔ تفصیل کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کی عدم توجہ اور ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے کی بجائے تمام تر توجہ ریونیو جمع کرنے پر مرکوز کر رکھی ہے، جسکی وجہ سے فیصل آباد شہر ٹریفک کے حوالے سے بدترین شہر بن چکا ہے۔ شہر بھر کے اکثر چوراہوں پر پیک آورز میں بدترین ٹریفک جام ہو جاتا ہے اور کئی کئی گھنٹے ٹریفک بلاک رہتا ہے اور منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے ہونے لگا، سرکاری ونجی اداروں میں کام کرنے والے افراد دفتروں سے لیٹ ہو جاتے ہیں اور شام کو دیر سے گھروں میں پہنچتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی او نے ٹریفک وارڈنز کو روزانہ کی بنیاد پر چالان کرنے کے ٹارگٹڈ تفویض کر رکھے ہیں۔ ٹریفک وارڈنز مختلف شاہراہوں پر ناکہ لگا کر اپنے ٹارگٹ چالان مکمل کر کے غائب ہو جاتے ہیں یا پھر سڑک کنارے بیٹھ کر موبائل پر گیم کھیلنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے خوش گپیوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے وہ پہلے ہی پریشان ہیں۔ رہی سہی کسر بجلی اور گیس کے بلوں نے پوری کر دی۔ دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن نظر آتا ہے تو دوسری طرف ٹریفک پولیس دھڑا دھڑ چالان کر رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور’ ڈی آئی جی ٹریفک’ آر پی او ڈاکٹر عابد خان’ سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی طرف سے بلاوجہ چالان کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور شہر میں ٹریفک کے نظام کو درست کرنے کے اقدامات کئے جائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں