ناقص میٹریل کا استعمال،سڑکوں کا پیچ ورک چند روز بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ٹھیکیدار وںکی طرف سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر پیچ ورک کے دوران انتہائی ناقص میٹریل استعمال کرنے کا انکشاف’ پیچ ورک کے بعد چند روز بعدہی سڑکیں دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ بجری اکھڑنے سے دوبارہ گڑھے پڑ گئے، حادثات کی شرح میں اضافہ’ میونسپل کارپوریشن کے افسران نے چپ سادھ لی۔ تفصیل کے مطابق ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے میونسپل کاپوریشن کو شہر کی مختلف شاہراہوں پر پیچ ورک کرنے کے احکامات جاری کئے تو میونسپل کارپوریشن کے افسران نے ملی بھگت سے اپنے منظورنظر ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دے دیئے ، ٹھیکیداروں کی جانب سے شہر بھر کی مختلف سڑکوںپر پیچ ورک کیلئے انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے اور پیچ ورک کے چند بعد ہی پیچ ورک سے بجری اکھڑنے سے دوبارہ گڑھے پڑ گئے ہیں، سڑکوں پربجری پھیلنے سے موٹرسائیکلیں سلپ ہونے لگیں اور حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیداروں اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کا محاسبہ کیا جائے اور پیچ ورک کے کام کی نگرانی کیلئے کسی ایماندار اور فرض شناس افسران کو تعینات کیا جائے اور پیچ ورک میں درست اور معیاری میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں