48

وفاقی محتسب نے ایک سال میں عوام کی 194000 ہزار شکایات کونمٹایا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی محتسب نے ایک سال میں عوام کی 194,000 شکایات دور کرنے کے علاوہ حکومتی معاملات میں بہتری کیلئے بھی 27سے زائد سفارشات تیار کیں جن کا بنیادی مقصد عوام کو مفت اور اُن کی دہلیز پرانصاف مہیا کرنا ہے۔ یہ بات وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اُن سے قبل وفاقی محتسب کو سالانہ صرف 20ہزار شکایات موصول ہورہی تھیں جبکہ اب اُن کی تعداد بڑھ کے 1,94,000تک پہنچ گئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ سالوں میں اُن کی تعداد دو سے ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان شکایات کو مفت اور 60دن کی ریکارڈ مدت میں حل کیا جا رہا ہے جبکہ حل ہونے والی شکایات کی شرح 99.9فیصد ہے۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ 90لاکھ پاکستانی ہر سال 30ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں اِس لئے اِن کے مسائل کو ترجیحی بنیادو ں پر حل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی شکایات میں اُن کی ڈیڑھ لاکھ شکایات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محتسب کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں صدر پاکستان کو کی جا سکتی ہیں مگر اُن کی شرح صرف 0.4فیصد ہے۔ انہو ںنے کہا کہ جو شکایات براہ راست محتسب کے دائرہ کار میں نہیں آتیں اُن کے حل کیلئے بھی آرٹیکل 34کے تحت مصالحتی نظام کا سہارا لیا گیاتاہم ان کیسوں کیلئے فریقین کا متفق ہونا ضروری ہے جبکہ محتسب کا ادارہ اُن کو اپنی مشاورتی خدمات مفت مہیا کرتا ہے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ اس وقت پانچ محتسب کام کر رہے ہیں مگر اُن تمام کی مجموعی شکایات وفاقی محتسب کو موصول ہونے والی شکایات سے کم ہیں کیونکہ یہ ادارہ وفاق کے زیر انتظام 180محکموں اور اداروں کے بارے میں شکایات سننے کا مجاز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں