130

پنجاب میں مثالی صفائی نظام کیلئے ایک ماہ کی مہلت

لاہور (بیوروچیف)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں وزیراعلی سیکریٹریٹ میں ستھرا پنجاب پر اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعلی پنجاب نے ایک ماہ میں پنجاب میں کوڑا کرکٹ کی صفائی کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت ہے اس کے بعد دیکھوں گی کہاں عمل ہوا، کہاں نہیں۔مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی گلیوں، سڑکوں پر گندا پانی اور ابلتے گٹروں سے عوام کو نجات ملنی چاہیے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں گلیوں کی مرمت کے منصوبے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعلی پنجاب سے ضلع شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر مریم نواز شریف نے شہروں اور دیہات کے محلوں کی چھوٹی سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لیے فوری پلان طلب کرلیا، ان کا کہنا ہے کہ ہر حلقے کو ترقیاتی پراجیکٹ کے لحاظ سے ماڈل حلقہ بنانا چاہتے ہیں، عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہونے چاہئیں۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید، ارکان صوبائی اسمبلی مریم اورنگ زیب، عظمی بخاری، بلال کیانی اور ثانیہ عاشق نے شرکت کی، اس دوران وزیر اعلی پنجاب نے دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے لئے پلان طلب کر لیا، انہوں نے ارکان پنجاب اسمبلی کو پروجیکٹ کے لیے تحریری ڈیمانڈ دینے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں