1

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 10جنوری کو ہوں گے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سالانہ الیکشن10 جنوری 2026ء کو ہونگے، امیدواروں نے الیکشن مہم تیز کر دی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ الیکشن 2026ء کیلئے صدارت کی نشست کیلئے7امیدوار’ سیکرٹری بار کیلئے 4 امیدوار’ جبکہ دیگر نشستوں کیلئے امیدواروں نے کمپیئن شروع کر رکھی ہے۔ صدارت کیلئے سید نثار احمد شاہ ایڈووکیٹ’ رانا اخلاق احمد ایڈووکیٹ’ سردار شاہد حفیظ ڈوگر ایڈووکیٹ’ ملک غلام اصغر ایڈووکیٹ’ خرم اعجاز کاہلوں ایڈووکیٹ’ عامر حیات چیمہ ایڈووکیٹ اور رانا آصف نوید میدان میں ہیں جبکہ سیکرٹری بار کے لیے چار امیدوار کلیم اﷲ گل ایڈووکیٹ’ رانا عابد علی منج ایڈووکیٹ’ لہراسپ حیات ڈاہر ایڈووکیٹ اور رانا خالد شمشاد بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ اس کے بعد دیگر عہدوں پر بھی امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حوالے سے چیئرمین الیکشن بورڈ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد رانا شفقت عالم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں مشاہدہ میں آیا ہے کہ جو لوگ وکیل نہیں ہیں وہ مکمل یونیفارم پہن کر بار الیکشن میں ووٹرز اور سپورٹرز کی شکل میں گھومتے نظر آتے ہیں اور بعض امیدواران اپنے لوگوں کو اپنا پلڑا بھاری دکھانے کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں اور پولنگ کے روز بھی ایسے لوگوں کی تعداد اصل وکلاء سے بھی بڑھ جاتی ہے۔ جسکی وجہ سے بے جا رش’ ہلڑبازی اور بدنظمی پیدا ہوتی ہے۔ لہٰذا ایسے تمام افراد جو بار کے ممبر نہ ہیں اور وکلاء برادری سے تعلق نہ رکھتے ہوئے الیکشن پراسیس میں خواہ مخواہ مہمان اداکار بننے سے باز رہیں اور متعدد بار ممبران بھی ایسے عناصر کی پشت پناہی سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں