7

کھیلیں نوجوان کو بے راہ روی سے بچانے کا ذریعہ ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کھیلیں نوجوان نسل کو بے راہروی سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں’ جس قوم کے کھیلوں کے میدان آباد ہوں اس قوم کے نوجوان معاشرے کی تمام برائیوں سے چھٹکارا حاصل کر لیتے ہیں’ میں اس قدر خوبصورت اور مثالی کرکٹ میلے کے انعقاد کیلئے تعاون کرنیوالے تمام افراد کا مشکور ہوں’ ان خیالا ت کا اظہار راجہ پارک طفیل شہیدروڈ میں کھیلے گئے راجہ جی کرکٹ میلہ کی اختتامی تقریب میں چیف آرگنائزرراجہ نعمان نے کیا’ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو فضول مصروفیات اور سوشل میڈیا سے نکال کر کھیلوں کے میدان کی طرف لانا لائق تحسین کام ہے’ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ منفی سرگرمیوں کو چھوڑ کر مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں اور معاشرے کا مفید شہری بن کر قوم اور ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ کریں’ کہتے ہیں ایک صحت مند دماغ’ صحت مند جسم میں ہوتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بری عادات ترک کر کے مثبت کھیلوں میں حصہ لیں تاکہ معاشرے میں عزت اور وقار سے زندگی بسر کر سکیں’ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک کا اہم طبقہ ہوتے ہیں ان کے کردار سے ثابت ہونا چاہئے کہ وہ واقعی حقیقی سفیر ہیں اور اپنے ملک کا نام ہر فورم پر بلند رکھنے کیلئے ہمہ تن گوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے میرا تعاون ہمیشہ رہے گا’ انہوں نے رانا پارک طفیل شہید روڈ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کا شکریہ ادا اور کہا کہ یہ کسی کی ہار یا جیت نہیں یہ صرف تفریح ہے’ آج یہ ٹیم جیتی ہے کل کو آپ لوگ بھی جیت سکتے ہیں شرط صرف محنت اور لگن کی ہے’ کھیل ہو یا کوئی دوسرا کام اگر دل سے محنت کی جائے تو منزل مل جاتی ہے’ میری دعا ہے کہ کرکٹ میلے میں شرکت کرنے والے تمام بچے بڑے ہو کر اپنا اور اپنے ملک کا نام کمائیں اور والدین کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں