6

12بھارتی ڈرون گرا دئیے گئے’1شہری شہید،4جوان زخمی

راولپنڈی(بیوروچیف) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، پاک فوج نے بھارت کے 12ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7اور 8مئی کی رات بھارت نے دوبارہ جارحیت کا مظاہرہ کیا، بھارت کی جانب سے 12ہیرب ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاک فوج کے چوکنا اہلکاروں نے تباہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ہیں، لاہور کے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4جوان زخمی ہوئے جبکہ میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، ہندوستان نے پاکستان کی فضائی حدود کی دوبارہ خلاف ورزی کی، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، رات کو بھی افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ہندوستان کی رات کے وقت جارحیت انتہائی سنگین ہے لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں