فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ٹھیکری والا اور سمن آباد کے علاقوں میں دو محفوظ پولیس مقابلوں کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک’ جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار’ پولیس نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری جبکہ زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ٹھیکری والہ کے علاقہ پینسرہ روڈ پر موٹروے پل کے قریب ڈکیتی کی کال پر اے ایس آئی راشد لطیف موقع پر پہنچا تو موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلے، پولیس مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تقریباً آدھا گھنٹہ فائرنگ کا تبادلہ جاری رہنے کے بعد رُکا تو پولیس پارٹی نے قریب جا کر دیکھا تو ایک ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جبکہ اسکے دیگر تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جبکہ مرنے والے ڈاکو کی شناخت اﷲ دتہ کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو قتل’ ڈکیتی’ راہزنی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ دوسرا محفوظ پولیس مقابلہ سمن آباد کے علاقہ ستارہ کالونی کے نزدیک بھینس کالونی میں ہوا، جہاں پر گزشتہ روز دوپہر کے وقت ڈولفن اہلکاروں نے ستارہ کالونی کے قریب دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے ڈولفن فورس پر فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکلیں بھگا دی، تاہم ڈولفن اہلکاروں نے پولیس کو اطلاع کرتے ہوئے تعاقب جاری رکھا تو کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہنے کے بعد رُکا تو قریب جا کر دیکھا تو دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑے تھے، زخمی ڈاکوئوں کی شناخت اعظم طارق عرف بلی سکنہ یاسر ٹائون اور شکیل کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولی نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
