رحیم یار خان(نامہ نگار) موٹر وے ایم-5 پر کشمور کے قریب ڈرائیور کی غفلت کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 14زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ ایک مسافر بس اور مزدا گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، جو مبینہ طور پر بس ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔حادثے کے فوری بعد ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ترجمان کے مطابق 3 زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 11شدید زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس اور موٹروے حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بڑی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند کی حالت میں گاڑی چلانا بتایا جا رہا ہے۔مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور لواحقین کو اطلاع دینے کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔دریں ثناء ۔لاہور(بیوروچیف) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کینال روڈ پر جوہر ٹائون کے قریب گاڑی نہر میں گر گئی،گاڑی میں سوار تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر گاڑی میں سوار افراد کو باہر نکالا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، ریسکیو نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو اہلکاروں بڑی کوشش کے بعد گاڑی کو نہر سے نکالا۔حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔علاوہ ازیں رحیم یارخان میں موٹر وے ایم فائیو پر مسافر بس ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہو گئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس اور موٹروے حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بڑی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند کی حالت میں گاڑی چلانا بتایا جا رہا ہے۔
