63

8فروری کو الیکشن ضرور ہونگے ، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شدید سردی میں رات گئے پنجاب کا بینہ کے ہمراہ لاہورچڑیا گھر کادورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی، صوبائی وزراء اوراعلی افسران نے لاہور چڑیا گھرکی اپ گریڈیشن کے کام پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چڑیا گھر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پارکنگ ایریاکا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ریچھ ہاؤس،بندر ہاؤس اوردیگر جانوروں کے پنجروں کا معائنہ کیا۔بندر ہاؤس کے نئے پنجروں کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سیکرٹری وائلڈ لائف نے لاہور چڑیاگھرکے اپ گریڈیشن پلان پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہورچڑیا گھر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزراء کے ساتھ کئی گھنٹوں مختلف وزٹ کررہے ہیں ۔ مزار اقبال ،بادشاہی مسجد ،بی بی پاکدامن ،ہسپتالوں اورلاہور چڑیا گھر کا دورہ کیا ۔محکمہ جنگلات اورمحکمہ تعمیرات و مواصلات دن رات جان لگارہے ہیں کہ پراجیکٹ جلد از جلد مکمل ہوں ۔ موسم ہمار اساتھ نہیں دے رہا ،ٹھنڈ کی وجہ سے ایس ایل تھر ی اوربند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل میں مسائل کا سامنا ہے ۔سردی اوردھند کی وجہ سے ہم 24گھنٹے کام نہیں کرپارہے ۔ پوری ٹیم اسی مشن پر ہے کہ ناممکن کو ممکن بنایاجائے،امید ہے کہ ٹیم سب ممکن کردکھائے گی۔ کچھ پراجیکٹ 31جنوری ،کچھ 5فروری اورکچھ10فروری تک مکمل ہورہے ہیں۔انشاء اللہ تمام پراجیکٹس مکمل کرکے جائیںگے۔ واضح بتانا چاہتا ہوں کہ 8فروری کو الیکشن ضرور ہوںگے۔بالکل واضح بتادیا ہے کہ کوئی بھی امید وار چاہے وہ کسی پارٹی سے ہویا آزاد الیکشن لڑ رہا ہو ان کی انتخابی مہم میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے ۔میں نے آرپی اوز اورکمشنرز کو واضح ہدایت کی ہے کہ کسی صورت بھی کسی کی انتخابی مہم میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ہم نے فری اینڈ فیئر الیکشن کروانا ہے ،ہم یہ دھبا نہیں لگوانا چاہتے کہ ہم نے الیکشن فری اینڈ فیئر نہیں کرایا۔کمشنرز اورآر پی اوزکو واضح ہدایت کی ہے کہ الیکشن کے حوالے سے کوئی شکایت نہ آئے۔ ہم سب کے لئے لیول پلینگ فیلڈ یقینی بنائیںگے۔الیکشن کا ہرامید وار الیکشن رولز کے مطابق جلسے کرے،جلوس نکالے یا بینرز لگائے،یہ ان کا حق ہے ۔ہر امید وار اپنے انداز سے الیکشن رولز کے مطابق انتخابی مہم چلاسکتا ہے ۔ہم نیوٹرل رہ کر الیکشن کروائیںگے۔الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی سخت ہدایات ہیں۔فری اینڈ فیئر الیکشن کروانے میںاگرانتظامیہ کی طرف سے کوتاہی ہوئی تو نہ صرف عہدے سے ہٹایا جائے گا بلکہ بعد میں کارروائی بھی کی جائے گی ۔ آزاد اورمنصفانہ الیکشن ہر صورت کرائے جائیںگے ۔پنجاب حکومت الیکشن سے متعلق شکایات سیل بھی قائم کرے گی۔ امید وار چیف الیکشن کمشنر پنجاب کو شکایت کرسکتے ہیں ۔ایک سال کے تجربے سے علم ہوا ہے کہ یہ بات سوفیصد غلط ہے کہ بیوروکریسی کام نہیں کرتی ۔ پنجاب کی بیوروکریسی 16سے 17گھنٹے کام کرتی ہے ۔بیوروکریسی 10دنوں کا کام 1سے 2دنوں میں کررہی ہے ۔کوئی وزراء اوربیوروکریسی پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتا ۔میں بھی سمجھتا تھا کہ بیوروکریسی کام نہیں کرتی لیکن یہ بات سو فیصد غلط ہے ۔ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ بیوروکریسی اس تیزرفتار ی سے کام کرسکتی ہے ۔صرف لاہور میں نہیں پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بیوروکریسی محنت سے کام کررہی ہے ۔آفیسرز اورپولیس کی طرف سے مثبت رزلٹ بہت بڑی بات ہے ۔ہمیں اپنی بیوروکریسی پر فخر ہونا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں