67

موٹر سائیکل سوار ڈور پھرنے سے زخمی ، SHO لائن حاضر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے پتنگ بازی نہ روکنے اور بکرمنڈی روڈ پر موٹرسائیکل سوار کے گلے میں ڈور پھرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ گلبرگ کو عمران عامر کو لائن حاضر کر دیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز طارق کالونی گلی نمبر8 کا رہائشی محمد احمد موٹرسائیکل پر دودھ لینے جا رہا تھا کہ جب وہ بکرمنڈی روڈ پر پکوان سینٹر کے سامنے پہنچا تو کٹی پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا گیا، ڈور پھرنے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی لائلپور ٹائون رحمان قادر’ ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عمران عامر سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ گلبرگ کو پتنگ بازی روکنے میں ناکامی اور شہری کے گلے میں ڈور پھرنے کے واقعہ پر لائن حاضر کر دیا۔ ضلعی پولیس شہر بھر میں پتنگ بازی روکنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ شہر بھر میں پتنگ بازی کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ سی پی او نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ جس تھانے میں پتنگ بازی ہوئی یا پھر ڈور پھرنے کا واقعہ رونما ہوا تو متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت ذمہ داروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں