21

CTO کی عدم توجہ ‘ فیصل آباد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر رانا خالد رشید کی عدم توجہی سے فیصل آباد شہر میں ٹریفک نظام درہم برہم، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی عام’ ٹریفک وارڈنز کی توجہ چالانوں کا ٹارگٹ پورا کرنے پر مرکوز’ کئی علاقوں میں ٹریفک جام رہنا بھی معمول، لوگوں کا اپنی منزل مقصود پر بروقت پہنچنا مشکل بن گیا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ٹریفک کے نظام کی خرابیاں شہریوں کیلئے دردسر بن گئی ہیں، CTO رانا خالد رشید کی عدم توجہی نے سابق CTO آصف صدیق کی احسن کارکردگی پر بھی پانی پھیر دیا اور لوگ جگہ جگہ ٹریفک جام میں پھنسے نظر آتے ہیں، اس صورتحال سے طلبہ کا بروقت تعلیمی اداروں اور لوگوں کا دفاتر اور کام کاج پر پہنچنا مشکل بن گیا ہے، شہر کے کئی علاقوں میں لوگ ٹریفک جام میں پھنسنے سے بچنے کیلئے تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے بھی نظر آتے ہیں، ٹریفک کی خلاف ورزی کے واقعات بھی بڑھنے لگے اور ٹریفک وارڈنز صورتحال میں بہتری پر توجہ دینے کی بجائے چالان کرنے پر ہی اپنی توجہ مرکوز کئے نظر آتے ہیں۔ ستم بالائے ستم یہ کہ کئی مواقع پر ایمبولینسز بھی ٹریفک جام میں پھنسی نظر آتی ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں نے فیصل آباد میں ٹریفک نظام درہم برہم ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ CTO رانا خالد رشید ٹریفک نظام کی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات حاصل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں