FDAکا284پلاٹس آسان اقساط پر فروخت کرنیکا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے 284 رہائشی پلاٹس کی قرعہ اندازی کے ذریعے چار سالہ آسان اقساط میں فروخت منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تمام تر شرائط و ضوابط کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں متعلقہ قوانین اور سرکاری پالیسی کا ہرصورت خیال رکھا جائے۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا جس میں پلاٹس کی فروخت کے حوالے سے قرعہ اندازی کے منصوبے کے قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود ودیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ کے مختلف بلاکس میں واقع ایک کنال رقبہ کے 189 اور دس مرلہ کے 95 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے چار سال کی آسان اقساط میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس کے لئے خواہش مند افراد سے عنقریب درخواست فارم آن لائن وصول کئے جائیں گے جس کے لئے منتخب بنک کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک کنال اور دس مرلہ رقبہ کے پلاٹ کے لئے درخواست فارم 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔ درخواست دھندہ کو ایک کنال کے پلاٹ کے لئے پانچ لاکھ روپے اور دس مرلہ کے پلاٹ کے لئے اڑھائی لاکھ روپے بطور زر بیعانہ درخواست فارم کے ساتھ جمع کرانا ہوگا جبکہ پلاٹ کی قیمت پانچ لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کی گئی ہے۔ قرعہ اندازی میں کامیاب امیدوار پلاٹ کی قیمت کا 25 فیصد بطور ڈائون پے منٹ جمع کرائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے محکمانہ شرائط و ضوابط کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست فارمز کی وصولی اور قرعہ اندازی کے تمام مراحل کو مکمل شفاف رکھنے کے لئے ہر ممکن تکنیکی اور فنی ذرائع بروئے کار لائے جائیں جبکہ یہ سارا نظام عام فہم اور آسان ہونا چاہیئے۔ انہوں نے اے ڈی جی سے کہا کہ وہ درخواست فارمز کی وصولی اور قرعہ اندازی کے تمام تر انتظامات کی جامع انداز میں احسن تکمیل کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں