34

FDA سٹی کے سپورٹس کمپلیکس کا 70 فیصد تعمیراتی کا م مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی میں27کنال رقبہ پر48کروڑ 75لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تکمیل میگا سپورٹس کمپلیکس کھیلوں کے میدان میں گرانقدر اضافہ ہے جس کی بدولت ان ڈور کھیلوں کے شائقین کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے یہ بات سپورٹس کمپلیکس کے میگا پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل عابد حسین بھٹی، چیف انجینئرمہرایوب گجر،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جیند حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر میاں اسد مجید، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز انجینئرطلحہ تبسم، ملک سانول ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹرجنرل نے سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پائیدار تعمیراتی کام کو یقینی بنایاجائے اس سلسلے میں متعلقہ افسران باقاعد ہ مانیٹرنگ جاری رکھیں اور تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں انہیں مسلسل آگاہ کیاجائے۔ انہوں نے فنڈز کے شفاف استعمال کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ تمام تعمیرات طے شدہ ڈیزائنگ اور مکمل تصریحات کے مطابق ہونی چاہیں۔انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کی عمارت کی تعمیر میں جمالیاتی ذوق کا خیال رکھنے اور لینڈسکیپنگ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ خوبصورت شجرکاری کی وسیع گنجائش موجود رہنی چاہئے اور موجودہ موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آرائشی پودے لگانے کے اقدامات کئے جائیں۔پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ کے دوران انہیں بتایاگیا کہ سپورٹس کمپلیکس کا 70فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیاگیا ہے جس میں مردو خواتین کیلئے دو سوئمنگ پولز،دو لان ٹینس کورٹس، دو بیڈ منٹن کورٹس، دو جمینزیم،ایک باسکٹ بال کورٹ، سنوکر،کیرم و چیس حال،جو کنگ ٹریک،کچن،ڈائنگ ہال، واش رومز،وسیع پارکنگ ایریا ودیگر ضروری سہولیات موجود ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں