فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یورپی یونین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹر تھامس سیلر نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت میں توسیع کیلئے بڑے پیمانے پر لابنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی سہولت کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو کافی سہارا ملا ہے مگر یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے یورپین ملکوں کی معیشت بھی دبائو کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی حالات اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر چاہتے ہیں کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس میں توسیع مل جائے لیکن اس دفعہ شاید دس سال کی توسیع نہ ملے اور اس میں صرف تین یا چار سال کی توسیع ہو۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا معاملہ یورپین یونین کی پارلیمنٹ میں جائے گا جہاں ممبر ممالک ستمبر ، اکتوبر میں اس پر حتمی فیصلہ دیں گے۔ تاہم اس سے قبل بزنس کمیونٹی کو حکومت پاکستان پر زور دینا چاہیے کہ وہ جی ایس پی پلس میں توسیع کیلئے بھر پور لابنگ کرے۔
41