70

KPK اسمبلی تحلیل ‘ گورنر نے سمری پر دستخط کردیئے

پشاور (نامہ نگار)صوبہ خیبر پختون خوا اسمبلی تحلیل کر دی گئی۔گورنر غلام علی نے خیبر پختون خوا اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کر دیے۔خیبر پختون خوا کے گورنر غلام علی نے بتایا کہ میں نے وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا محمود خان کی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔گورنر خیبر پختون خوا غلام علی کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں گورنر خیبر پختون خوا غلام علی نے کہا ہے کہ 1973 کے آئین کے آرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت خیبر پختون خوا اسمبلی تحلیل کرتا ہوں۔گورنر کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ کے پی اسمبلی کے ساتھ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے۔گورنر خیبر پختون خوا غلام علی کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل اے 224 کی شق (4) کے تحت موجودہ وزیرِ اعلی نگراں وزیرِ اعلی کی تقرری تک کام کریں گے۔اس سے قبل سمری موصول ہونے پر گورنر غلام علی نے گورنر سیکریٹریٹ کا عملہ رات کو بلا لیا تھا۔وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا محمود خان کی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کرنے سے قبل گورنر غلام علی نے اس معاملے پر مشاورت بھی کی۔گورنر ہاوس کے ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا کے گورنر غلام علی نے اس پورے معاملے پر قانونی ماہرین کے ساتھ مشاورت کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے اسمبلی توڑنے کی سمری گورنر غلام علی کو ارسال کی تھی۔اس حوالے سے محمود خان کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں خیبر پختون خوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔محمود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں میں گورنر حاجی غلام علی کی جانب سے دستخط نہ کرنیکی صورت میں اسمبلی از خود ٹوٹ جائے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں