فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے فیصل آباد سے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی اخبارات میں چھپنے والی خبروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فہرست کو جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ پی ٹی آئی کی طرف سے ابھی تک کسی بھی امیدوار کو فائنل نہیں کیا گیا۔ ریجنل انفارمیشن سیکرٹری ویسٹ پنجاب میاں محمد جواد نے کہا ہے کہ حالیہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے کسی بھی امیدوار کو فائنل نہیں کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا یا واٹس ایپ گروپوں میں گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے صرف افواہیں قرار دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے بھی ٹکٹوں کی تقسیم کو بے بنیاد اور قیاس آرائی قرار دیا ہے۔ امیدواران اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں کور کمیٹی کے مشاورت اور فیصلہ کے بعد فیصل آباد سے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بعض افراد کی طرف سے امیدواران اور کارکنوں میں اشتعال پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان متحد اور منظم ہو کر پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔
23