33

TLP کا آج ہڑتال کا اعلان ‘ تاجروں نے کال مسترد کرد ی

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)تحریک لبیک پاکستان کی آج 27فروری کی شٹر ڈائون ہڑتال کی کال کو فیصل آباد کی تمام چھوٹی بڑی تاجر تنظیموں نے مسترد کر دیااور کہا کہ وہ کسی کو بھی ڈنڈے کے زور پر دکانیں بند نہیں کروانے دیں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر کیساتھ گذشتہ رات گئے سپریم انجمن تاجران کے وفد نے الحاج اسلم بھلی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ وہ ہڑتال نہیں کرنا چاہتے۔ جس پر ڈی سی نے کہا کہ کسی کو بھی زبردستی دکانیں بند نہیں کروانے دیں گے قبل ازیں ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے تحریک لبیک پاکستان کے عہدیداران سے ملاقات کی اورٹی ایل پی کی طرف سے سوموار 27 فروری کوملک بھر میں مہنگائی کے خلاف شٹرڈاؤن اعلان کے بعد امن وامان کے قیام کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان کے علاوہ ضلعی پولیس کے نمائندہ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری وجماعت کا حق ہے تاہم کسی تاجر/دکاندار کو دکان زبردستی بندکرنے پر زور نہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ توڑپھوڑ سے گریز کریں،امن وامان کو یقینی بنانا ضلعی وپولیس انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ضلعی وپولیس انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائے گی۔ٹی ایل پی عہدیدار اپنے کارکنان کو انتشار بازی سے روکنے کا پیغام دیں۔تحریک لبیک پاکستان پرامن طریقے سے شٹرڈاؤن کی کال کو جلد ختم کرے تاکہ شہریوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں بھی دقت نہ ہو۔ڈویڑنل امیر ٹی ایل پی میاں اکمل حسین،ضلعی امیر قاری ضمیر حسین ودیگر عہدیداران نے شٹرڈاؤن کال پر امن برقرار رکھنے اور زبردستی دکانیں بند نہ کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں