اسلام آباد (بیوروچیف)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس میں سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے7فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔عدالت کی جانب سے عمران خان کو20ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔دورانِ سماعت عدالت نے علی بخاری ایڈووکیٹ سے سوال کیا کہ عمران خان کی طرف سے وکالت نامہ کدھر ہے؟وکیل علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا، 5 منٹ دے دیں بیرسٹر گوہر عدالت پہنچ رہے ہیں۔عدالت نے علی بخاری کو ہدایت کی کہ آج وکالت نامہ بھی جمع کرا دیں۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلیل پیش کی کہ جب تک شیورٹی بانڈز نہیں آ جاتے تب تک یہ وکالت نامہ نہیں دے سکتے۔اس موقع پر الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکلا کے درمیان کمرہ عدالت میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ آپ مجھے ہدایت نہ دیں، کورٹ کو مخاطب کریں۔
46