فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حضرت سیدنا علی المرتضی علیہ السلام کی شخصیت مصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کا مظہر ہے’ آپ کے علم وحلم شجاعت و بہادری اورزہدوتقوی کی تاریخ مثال پیش کرنے سے قاصر ہے قیامت تک کے مسلمان حکمرانوں اورامت مصطفی کو آپ کی تعلیمات ومحبت سے اندھیروں میں روشنی میسر آتی رہے گی ‘ جامع مسجد جمال مدینہ اناسی نادر خاں والی میں سالانہ جشن علی المرتضی علیہ السلام کی تقریب سے مقررین حضرت علامہ مولانا قاضی احمد حسن چشتی گولڑوی ،سید صداقت علی شاہ صاحب بخاری گولڑوی ،حافظ شیخ محمد اصغر قادری ،مفتی سید علی اکبر شاہ نقوی ،سید غلام محمد شاہ بخاری ،سید آفتاب عظیم بخاری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ذات گرامی کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خاص نسبت حاصل ہے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ علی ابن ابی طالب دنیا وآخرت میں میرا بھائی ہے اور علی سے محبت رکھنے والا مجھ سے محبت رکھتا ہے شب ہجرت مصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا کو پیغام دیا کہ علی المرتضی علیہ السلام میری امانتوں کا امین ہے تاریخ اسلام میں آپ کی ذات کو کسی بھی طرح سے پرکھا جائے تو آپ کا ایک ایک پل مصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسلام کی خدمت سے عبارت ہے آپ رضی اللہ عنہ کی ذاتِ گرامی میں آج کے مسلمان حکمرانوں کیلئے سبق پنہاں ہے کہ رعایا کی خیر خواہی اور اسلام کی بقا کے لئے زندگی میں کبھی کمپرومائز نہ کیا جائے آج کے مسلم کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ جس اہلبیت کرام علیہم الرضوان کی غلامی ومحبت کا سبق نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بار بار اپنی امت کو دیا اس اہلبیت کے سرخیل کو دنیا حضرت علی کے نام سے یاد کرتی ہے اور آج بھی سرچشمہ ولایت کے امام جناب حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ ہیں حضرت سیدنا علی علیہ السلام وہ نام حقیقت ہے جنہوں نے ہمیشہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات پر اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسلام کی سربلندی کے لئے ہرمیدان میں خود کو حاضر رکھا اور دنیا کو پیغام دیا کہ مصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم سے بڑھ کر کسی کی کوئی حیثیت نہیں معروف نعت خواں حضرات نے نعت رسول مقبول اور مولا علی المرتضی علیہ السلام کی بارگاہ میں نعت و مناقب پیش کیں محفل کے اختتام پرعلامہ سید محمد قاسم علی شاہ بخاری گولڑوی نے شہدا پشاور شہدا پاکستان کشمیر کی آزادی وطن عزیز پاکستان کی تعمیر وترقی وخوش حالی و استحکام کی دعا کروائی اور اس موقع پر حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ولادت کے سلسلہ میں کیک بھی کاٹا گیا محفل میں عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
43