39

سوئی گیس لیکج کی درستگی کیلئے کھودے گڑھے شہریوں کیلئے عذاب بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ سوئی گیس کے عملہ کی سستی’ غفلت ولاپرواہی سے شہریوں کو شدید پریشانی’ پرائیویٹ ٹھیکیدار نے میونسپل کارپوریشن سے این او سی لئے بغیر ہی شہر بھر کے اکثر گلیوں’ بازاروں کو اکھاڑ پچھاڑ کر کے رکھ دیا، گڑھے کھودنے اور مٹی کے ڈھیر لگنے سے شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے اور گیس لیکج کو درست کرنے کے بعد عملہ گڑھے پُر کئے بغیر ہی غائب ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کئی سال قبل ڈالی جانیوالی گیس پائپ لائن بوسیدہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ سے لیک ہونے کی شکایات مل رہی تھیں، جس پر محکمہ سوئی گیس نے خستہ حال پائپ لائنوں کو تبدیل اور درست کرنے کیلئے شہر کے اکثر علاقوں پیپلز کالونی’ یثرب کالونی’ گلستان کالونی’ غلام محمد آباد’ ایوب کالونی جھنگ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گیس پائپ ڈالنے کیلئے کھدائی کی گئی اور مبینہ طور پر میونسپل کارپوریشن سے گلیوں کو توڑنے کا این او سی (NOC) بھی نہیں لیا گیا اور جگہ جگہ کھدائی کی وجہ سے گہرے گڑھے کھودنے سے اہل علاقہ کا گزرنا محال ہو چکا ہے اور چھوٹے بچے گڑھوں میں گر کر بری طرح زخمی ہو چکے ہیں اور ٹھیکیدار کنکشن درست کرنے کے بعد گڑھوں کو پُر کرنے کی بجائے غائب ہو گیا اور اچھی بھلی کنکریٹ سے بنی گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کے ٹھیکیدار کو پابند کیا جائے کہ وہ گلی محلوں میں کھدائی کے بعد ان گڑھوں کو پُر کر کے کنکریٹ سے تعمیر بھی کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں