89

سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ کا انسداد ضروری(اداریہ)

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا تعاون ضروری ہے، سوشل میڈیا پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی’ افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے’ خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کرینگے افواج پاکستان ہر خطرے اور سازش کیخلاف ہمہ وقت تیار ہے، جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا تعاون ضروری ہے نوجوانوں کو اپنے وطن’ قوم’ ثقافت وتہذیب وتمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہئے، پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں، پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں آرمی چیف نے کہا پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب تہذیب وتمدن ہر لحاظ سے ہندوئوں سے مختلف ہے نہ کہ ہم مغربی تہذیب وتمدن کو اپنالیں، نوجوانوں کو اپنے وطن’ قوم’ ثقافت وتہذیب وتمدن اور اپنے اوپر اعتماد ہونا چاہیے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، آرمی چیف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے انہوں نے کہا سوشل میڈیا پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی’ افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے سربراہ پاک فوج نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ اے ایمان والو اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اس کی تصدیق کر لو! پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے کو مسترد کر کے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں تو اس چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے انوارالحق کاکڑ نے کہا پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا جرأت وبہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ہماری آبادی کا 65 فی صد ہیں ان کی شمولیت اور تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پھیلائے ہوئے پروپیگنڈے جیسے اقدامات کو مسترد کر دینا چاہیے،، سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے پر اور ملک دشمنوں کی اس چال کو ناکام بنانے کی تلقین نوجوان نسل کیلئے ناگزیر ہے نوجوان ہماری آبادی کا 65فی صد اور مستقبل کے معمار ہیں ملک دشمن عناصر سے ان کے ذہنوں کو ہر قسم کے پراپیگنڈے سے بچانا وقت کی ضرورت ہے پاکستان کا ازلی دشمن بھارت ہے جو پاکستان کے خلاف ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے آجکل بھارت سرکار سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہے اور اس کا مشن ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کے ذہنوں میں پاکستان مخالف پراپیگنڈہ پھیلایا جائے اور دشمن کے اس پراپیگنڈے کو زائل کرنے کیلئے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا ضروری ہے پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس میں نوجوانوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے جیسے اقدامات پر کان نہ دھریں اور سوشل میڈیا پر ہرگز ہرگز کوئی ایسی بات اپ لوڈ نہ کریں جو ہمارے اپنے ملک کے خلاف ہو اپنے ملک کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے ملک ہے تو ہم ہیں ہمیں دشمنوں کے پراپیگنڈے کا ڈٹ کر جواب دینا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں