آٹھ مقام (نامہ نگار ) وادی نیلم میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے، سردی کی شدت برقرار، سردی بی کی وجہ سے نمونیا گلے اور سینے کے انفیکشن کے امراض بڑھ گئے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ بچے اوربوڑھے زیادہ متاثر۔ بالائی علاقوں میں راستوں کی بندش کی وجہ سے لوگ مریضوں کو سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر ہسپتالوں میں لانے پر مجبور۔ تفصیلات کے مطابق وادی نیلم میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے ضلعی ہیڈکواٹر آٹھمقام اور زیریں علاقوں میں منفی8تک درجہ حرارت جبکہ سب ڈویژن شاردہ اور بالائی علاقوں کیل گریس شونٹھر میںمنفی16 تک درجہ حرارت گرا ہے ۔ برفباری کی وجہ سے گریس ویلی سمیت بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔ شدید سردی کی لہر کی وجہ سے وادی نیلم میں نمونیا کھانسی بخار گلے اور سینے کے امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ لوگ مریضوں کو کندھوں پر اٹھا کر ہسپتالوں میں منتقل کرنے پر مجبور ہیں ۔ وادی نیلم میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت ایم ڈی ایس ہسپتالوں کے وارڈ مریضوں سے بھر گئے ہیں ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سجاد حسین مغل نے بتایا کہ بچے اور بزرگ نمونیا اور سینے کے انفیکشن سے متاثر ہو رہے ہیں۔ روازنہ ڈی ایچ کیو میں اڑھائی سو سے زائد او پی ڈی میں70کی اوسط سے مریضوں کو ایڈ مٹ کر کے علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ شدید سردی کی لہر کے پیش نظر ہسپتال میں ادویات کی فراہمی اور طبی عملہ کو حاضر رکھا گیا ہے۔ بجلی اور ہیٹنگ سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ لیکن سریس مریضوں کو سی ایم ایچ اور عباس میڈیکل انسٹیوٹ منتقل کیا جاتا ہے۔ لیکن ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام پورے ضلع نیلم کا سب سے بڑا ہسپتال ہے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وادی نیلم میں سردی کی لہر آئندہ چند ہفتے تک مزید جاری رہے گی لوگ بیماریوں سے بچنے کے لئے گھروں کے اندر ہیٹنگ سسٹم کو بہتر کرنے کے ساتھ صاف پانی کا استعمال کریں۔ برف والا پانی بیکٹریا زدہ ہونے کی وجہ سے سانس اور سینے گلے کے انفیکیشن کا باعث بن رہا ہے۔ چشموں اور صاف پانی کے استعمال کر کے بیماریوں پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
39