37

فیصل آباد میں ڈکیتی راہزنی ‘ چوری کی مزید 22وارداتیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ڈکیتی’ راہزنی اور چوری کی 22 وارداتوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات’ ملکی وغیر ملکی کرنسی’ قیمتی سامان اور موٹرسائیکلیں چھین لی گئیں، پولیس شہر بھر کی ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہوں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ محلہ عثمان غنی کے رہائشی مختار احمد کا کہنا ہے کہ تین مسلح ڈاکو مکان کرایہ پر لینے کے بہانے گھر داخل ہوئے اور اندر آتے ہی اسلحہ نکال لیا اور گن پوائنٹ پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 9تولے طلائی زیورات’ 5لاکھ روپے’ 500 ڈالر اور 30لاکھ کے سرٹیفکیٹ چھین کر فرار ہو گئے، چک جھمرہ کے علاقہ 189 رب کے قریب ڈاکوئوں نے شہری محمد زاہد سے نقدی’ فون’ پیپلزکالونی کے علاقہ جھال پل کے قریب مظہر حسین سے موٹرسائیکل’ نقدی اور پرس چھین لیا، مدینہ ٹائون کے علاقہ جٹاں والا چوک کے ظفر شوکت کی دکان پر آنے والے ڈاکو دن بھر کی سیل’ فون لوٹ کر فرار ہو گئے، جڑانوالہ روڈ جلوی مارکیٹ کے قریب عمار حسن کی شاپ پر آنے والے ڈاکو 24 ہزار اور موبائل فون چھین کر لے گئے، تھانہ روشن والا کے علاقہ 247 رب کے قریب ڈاکوئوں نے نوجوان اختر علی سے موٹرسائیکل’ نقدی فون چھین لیا’ بٹالہ کالونی کے علاقہ جھال انڈر پاس کے قریب محمد ارشد سے موٹرسائیکل’ نقدی’ فون’ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ غوثیہ چوک کے قریب اصغر سے گن پوائنٹ پر 60ہزار روپے’ فون’ تاندلیانوالہ کے مظہر حسین سے مسلح ڈاکو گن پوائنٹ پر اڑھائی لاکھ روپے اور فون چھین کر فرار ہو گئے جبکہ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے طاہر جاوید’ کوہ نور فلیٹ کے قریب احسن’ مغل پورہ جمیل آباد کے ایم اے قدیر’ گرین ٹائون سے قیصر خان’ پیپلزکالونی ڈی گرائونڈ سے عبدالغفور’ بٹالہ کالونی کے علاقہ پہاڑی گرائونڈ سے محمد امتیاز’ سمندری روڈ سے فیضان کی موٹرسائیکلیں چور لے اُڑے۔ علاوہ ازیں چک نمبر83گ ب کے شکیل افضل کے بھٹہ سے لاکھوں کا سامان چور لے گئے’فیکٹری ایریا کا علاقہ محمدی مل حبیب سنزکے تاجروسیم اسلم کی دکان سے چور اڑھائی لاکھ ٹاول کے بنڈل چور لے اڑے’دستگیر پورہ کے محمد عرفان کے گھرسے بجلی کا میٹر’جڑانوالہ کے علاقہ 71گ ب کے محمد یعقوب کی دکان کے تالے توڑکر چور تین لاکھ روپے مالیت کا سامان لے اڑے’131گ ب کے ناصر علی کے ڈیرے کے تالے توڑکر ایک لاکھ سے زائد مالیت کا سامان ایل ای ڈی چوری کر لیاگیا۔پولیس کی ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن عناصر کے گروہوں کوپکڑنے میں ناکام ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں