فیصل آباد(پ ر)ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین یوتھ ونگ سابق ایم پی اے مدیحہ رانا نے کہا ہے کہ مریم نواز وطن عزیز کے بہتر ‘ روشن مستقبل کی ضامن ہیں ۔ مریم نواز قائد میاں نوازشریف کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ملک کی تقدیر بدل ڈالیںگی۔ مریم نواز اعلی اوصاف اور خوبیوں کی مالکہ ہیں وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے ملک و قوم کو معاشی بحران کی دلدل سے نکالیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قبل از وقت الیکشن کروانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی ۔ ذاتی انا کی تسکین کے لئے دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرکے انہوں نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑا مارا ہے ۔ ہم میاں نواز شریف کی قیادت میں عمران خان کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ بہت جلد ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز وطن واپس آکر آنے والے الیکشن کو لیڈ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری کی کوشش کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی نااہل حکومت نے جس طرح ساڑھے تین سال ملکی معیشت کو برباد کیا ہے اس کی بحالی کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا ۔
40