59

مریم نواز کی لاہور آمد ‘ کارکن پر جوش

لاہور(بیوروچیف)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج شام دبئی سے لاہور پہنچیں گی، ن لیگ کی طرف سے شاندار استقبال کی تیاریاں مکمل ‘پنجاب بھر سے لیگی قافلوں کی لاہور آمد’ ساڑھے تین ماہ لندن میں قیام کے بعدن لیگ کی سینئر نائب صدر آج دبئی سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کی پرواز 264 پر لاہور پہنچیں گی، دبئی سے وطن واپسی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہونگی۔ن لیگی رہنما اور کارکنان علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر مریم نواز کا استقبال کریں گے ، جس کے بعد وہ کنٹینر پر بیٹھ کر ایئر پورٹ کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گی پھر جاتی امرا روانہ ہو جائیں گی جبکہ اس موقع پر کوئی ریلی منعقد نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مریم نواز کے استقبال کے لئے لاکھوں کی تعداد میں کارکن پہنچیں گے جبکہ لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا استقبال نواز شریف کی وطن واپسی کی ریہرسل ہو گی۔یاد رہے کہ مریم نواز جمعرات کو لندن سے روانہ ہوئی تھیں اور انہوں نے ایک روز دبئی میں قیام کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں