لاہور(بیوروچیف) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلے میں پنجاب پولیس صوبہ بھر میں ان ایکشن ہے ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد منشیات انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 299 چھاپے مارے گئے ، مکروہ دھندے میں ملوث 116 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 115 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 62 کلو گرام چرس، 01 کلو ہیروئن، 1345 لیٹرز شراب برآمد کی گئی ، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ماہ فروری سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 20342 ریڈز کی گئیں ، منشیات کے دھندے میں ملوث 23822 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 23247 مقدمات درج ہوئے ، ملزمان کے قبضہ سے 15 ہزار کلو گرام سے زائد چرس، 304 کلو گرام ہیروئن ،438 کلو گرام افیون، 111 کلو آئس، 17 لاکھ 74 ہزار یلٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ماڈرن ڈرگز کی خریدو فروخت، آن لائن سپلائی اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے جائیں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں اور منشیات کیخلاف آگاہی مہم میں بھی تیزی لائی جائے۔
11