لندن( مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ( ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں مخلص اور پارٹی کیلئے مشکل وقت میں قربانی دینے والے دوستوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائیگا ،ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف سے پارٹی پنجاب کے صدر راناثناء اللہ نے لندن میں ملاقات کی ہے ،ملاقات میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز بھی موجود تھیں،تینوں رہنمائوں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور ناراض رہنمائوں کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا ،نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے تحفظات کو ہر صورت دور کیا جائے ،انتخابات میں مخلص اور مشکل وقت میں قربانی دینے والے دوستوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائیگا ،مخلص دوست ہمارے دلوں کے انتہائی قریب ہیں ،نواز شریف نے پارٹی پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو ناراض دوستوں سے ملاقات اور ان کے تحفظات دور کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ،رانا ثناء اللہ نے نواز شریف کو مریم نواز کے استقبال کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ لاکھوں پارٹی کارکن مریم نواز کا پر تپاک استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ نوازشریف نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے کارکن لاہور ائیر پورٹ پہنچیں اور مریم نواز کا ایک والہانہ استقبال ہونا چاہیے ۔
44