45

پولیس کا گجرات میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ

گجرات(نامہ نگار)پنجاب پولیس کی جانب سے مسلم لیگ (ق)کے رہنما اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے جبکہ پولیس کی درجنوں گاڑیوں اور سینکڑوں اہلکاروں نے رہائش گاہ کو حصار میں لئے رکھا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے گجرات میں چوہدری پرویز الہی کی رہائش گاہ کنجاہڑی ہائوس پر چھاپا مارا گیا اور بھاری نفری نے رہائش گاہ کو حصارمیں لئے رکھا جبکہ پولیس کی کچھ گاڑیاں رہائش گاہ کے قریب بھی گشت کرتی رہیں۔مسلم لیگ ق کے رہنمائوں کے مطابق چوہدری پرویز الہی اور انکے بیٹے مونس الہی گھر پر نہیں بلکہ لاہور میں موجود ہیں، صرف گھریلو ملازمین گھر پر موجود ہیں، یہ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے کس مقدمہ میں اور کیوں چھاپہ مارا ہے۔قبل ازیں 28 جنوری کو پولیس نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے ڈرائیور اور گن مین کو شراب کی بوتلیں لے جاتے ہوئے گرفتار کیا جس پر ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پنجاب کے سابق وزیراعلی پرویز الہی نے گجرات میں اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے پر ردعمل دیا ہے۔پرویز الہی نے کہا ہے کہ ملازمین کی تلاشی لی گئی اور انہیں ہراساں کیا گیا۔سابق وزیراعلی نے کہا کہ چھاپے سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا، اس عمل کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔مونس الہی نے اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے کی تصدیق کردی۔سوشل میڈیا اکانٹ پر مونس الہی نے لکھا کہ پولیس نے گزشتہ رات گجرات میں ہمارے گھر پر چھاپا مارا۔انہوں نے لکھا کہ نہ کوئی وارنٹ نہ کوئی کیس، پولیس کی 25 گاڑیاں آئی تھیں۔مونس الہی نے لکھا کہ پولیس کی 25 گاڑیاں تو سمجھ آتی ہیں پر ساتھ میں 2 کالی گاڑیاں کیا کر رہی تھیں؟انہوں نے اپنے پیغام میں سوال اٹھایا کہ کیا بھارتی جاسوس ڈھونڈ رہے تھے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں