آئل مل کے زہریلے دھوئیں سے ہزاروں شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)77 ملاں پور چوک کے قریب عباس پور روڈ پر قائم آئل مل کے زہریلے دھوئیں سے ہزاروں شہریوں کی زندگیا ں خطرے میں پڑ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ آئل مل سے اٹھنے والے دھوئیں اور بدبو نے 8 سے 10قریبی دیہات کے باسیوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔اہل علاقہ کے مطابق زہریلا دھواں نہ صرف فضا کو شدید آلودہ کر رہا ہے بلکہ شہریوں کو دمہ، کھانسی، سانس کی تکالیف اور پھیپھڑوں کی دیگر موذی بیماریوں میں بھی مبتلا کر رہا ہے۔ بعض اوقات تعفن اتنا زیادہ ہو جاتا ہے کہ سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔شہری رانا بلال اشرف، چوہدری رضوان گجر، محمد لیاقت، عابد علی، محمد رمضان، سہیل احمد و دیگر کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات کے افسران کو متعدد بار نشاندہی کی گئیں، مگر وہ فیلڈ میں نکلنے کے بجائے دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ دے کر اپنی ذمہ داریاں پوری کر دیتے ہیں۔ ان کی غفلت اور نااہلی کے باعث بچوں میں بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔اہل علاقہ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ماحولیات میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئل مل کو فوری طور پر بند کروا کر شہریوں اور بچوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں