آئندہ حج کیلئے قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی قرار

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے 2026حج کیلئے پیش بندی کے طور پر عازمین حج کی رجسٹریشن 4سے 5روز میں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ، جس کیلئے قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی ہو گا۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اورنجی دونوں اسکیموں کیلئے عازمین حج کولازمی رجسٹریشن کرانا ہوگی، رجسٹریشن کی درخواستوں کے ہمراہ مخصوص رقم جمع کرانا ہوگی، ٹوکن منی مجموعی حج اخراجات میں شامل کرلی جائے گی، رجسٹریشن کرانے والے درخواست گزار حج 2026کیلئے اہل تصور ہوں گے، حج رجسٹریشن ملک بھر میں منظور شدہ بینکوں سے کرائی جا سکے گی، حج رجسٹریشن کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج سکیم منتخب کرسکیں گے۔ذرائع کے مطابق رواں برس پرائیویٹ اسکیم سے رہ جانے والے عازمین کیلئے بھی رجسٹریشن لازمی ہو گی ، سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عازمین حج 2026کیلئے رجسٹریشن کا عندیہ دیدیا ہے ،حج رجسٹریشن حکومت سعودی عرب کی ہدایت پر کی جا رہی ہے، حج رجسٹریشن کے اعداد و شمار سے سعودی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، رجسٹریشن کی بنیاد پر حکومت سعودی عرب حج کوٹہ مقرر کرے گی، حج رجسٹریشن درخواستوں کی وصولی کیلئے دو تین روزمیں اشتہار جاری کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں