29

آئی ایم ایف معاہدے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریگا

اسلام آباد(بیوروچیف)کاروباری برادری نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ نو ماہ کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ غیریقینی صورتحال کو ختم اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرے گا جس کی معیشت کو بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔بزنس مین گروپ(بی ایم جی) کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ یہ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام لائے گا، روپے اور ڈالر کی قیمت میں موجود فرق میں استحکام لاتے ہوئے اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پروگرام سے پیداواری لاگت بڑھ سکتی ہے جس سے پوری تاجر برادری خوفزدہ ہے اور حکومت کو اس تشویش کو دور کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے ۔زبیرموتی والا نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ امریکی ڈالر اپنی اصل قیمت پر نیچے آ جائے گا، اس طرح غذائی افراط زر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی جبکہ شرح سود کو بھی نیچے لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی سطح کے معاہدہ کے بعد دوست ممالک اور کثیر الجہتی ڈونر ممالک سے آنے والی رقم حکومت کو مالیاتی طور پر کچھ جگہ فراہم کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس مالیاتی جگہ کو یہ دیکھنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے کہ ہمارا تجارتی اکاؤنٹ کچھ اس طرح پھیلے کہ ملک کی برآمدات اور ادائیگیوں میں توازن کو برقرار رکھا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں