آئی ایم ایف کا 7ارب ڈالر پروگرام میں مزید سخت نگرانی کا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) سٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے کیلئے آئی ایم ایف نے مزید شرائط عائد کردیں۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے ورچوئل اقتصادی جائزہ مذاکرات جاری ہیں اور آئی ایم ایف کا 7 ارب ڈالر پروگرام کے تحت مزید سخت نگرانی کا امکان ہے۔آئی ایم ایف نے ٹیکس چوری روکنے کے لیے جدید نظام متعارف کرانے اورڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے، آئی ایم ایف نے رسک بیسڈ آڈٹ لازمی قرار دینے کی تجویز دے دی ہے۔آئی ایم ایف نے ایف بی آر کے ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مزید شرائط عائد کرتے ہوئے عملی نتائج دکھانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ایف بی آر نے بھی فیکٹریوں اور دکانوں کی کاروباری سیلز کو آن لائن رپورٹ کرنا لازمی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے،حکام ایف بی آر کے مطابق اس وقت صرف ایک تہائی کاروبار مکمل ڈیٹا فراہم کررہے ہیں۔ٹیکس آڈٹس سے مخصوص آمدن حاصل کرنے کا ہدف مقرر کرنے کا امکان ہے، حکام ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کے عدالت جانے سے وصولی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات میں اتفاق کی صورت میں جلد اسٹاف لیول معاہدے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں