اسلام آباد(بیوروچیف) حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بجلی مہنگی کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ بجٹ میں سبسڈی 830ارب تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ بجٹ میں سبسڈی کو 830ارب روپے تک محدود کرنے کے عزم کے ساتھ، پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حالیہ خلیجی جنگ اور اس کے نتیجے میں عالمی توانائی کی منڈی کو لگنے والے جھٹکوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹیرف میں بروقت اضافہ کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 7ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت طے پانے والے ڈھانچہ جاتی معیار کے مطابق نیا بنیادی ٹیرف 15جنوری 2027سے نافذ العمل ہوگا۔ آئیسکو، گیپکو اور فیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گئی ہے اور اب اس کے 2027کے اوائل تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔



