1

آئی ٹی ایکسپورٹ کو اڑھائی سے25بلین ڈالر پر لے جائینگے،رانا مشہود احمد

لاہور (بیورو چیف)چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایڈولیسنٹ ویوتھ پالیسی کے ذریعے پاکستان بچوں اورنوجوانوں کی دلچسپی پر مبنی مہارتوں کو پروان چڑھائیں گے،آئی ٹی ایکسپورٹس کو اڑھائی بلین ڈالر سے چار سال میں 25 بلین ڈالر پر لے کرجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب یونیورسٹی اور پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے زیر اہتمام لاء کالج گرائونڈ میںمنعقدہ ‘ایمپلا ئمنٹ ایکسپو ‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے طارق ریاض، ڈائریکٹر کریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 2016 میں دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان دنیا کی بہترین 30 معیشتوں میں شامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں ہے جس کی اے آئی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان ہر شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیںاورڈیجیٹل یوتھ ہب میں 6 ماہ میں 8 لاکھ نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب ایسا پورٹل ہے جس میں نوکری کے لئے سفارش کی ضرورت نہیں پڑتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان میرٹ پر آگے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا ایک ماہ میں آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی میں خواتین اور نئی کمپنیز کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد دنیا نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی میں پیچھے نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں