32

آئی ٹی یونیورسٹی کامنصوبہ ٹھپ ‘ پرانی سبزی منڈی کی اراضی پر پبلک پارک بنے گا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرانی سبزی منڈی کی جگہ پر آئی ٹی یونیورسٹی کا منصوبہ ٹھپ’ ضلعی انتظامیہ نے پبلک پارک بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے اور شہر کے وسط میں واقع وسیع اراضی پر پبلک پارک بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب سے 32کروڑ کے فنڈز مانگ لئے۔ یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں پرانی سبزی منڈی کو ختم کر کے جھنگ روڈ سدھار کے قریب منتقل کی گئی اور سبزی منڈی کا 43 کنال 8 مرلہ کا رقبہ آڑھتیوں اور قبضہ گروپوں سے واگزار کروا کر یہاں پر جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم فیصل آباد کے عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث پرانی سبزی منڈی کی جگہ پر آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کیلئے عملی اقدامات نہ کئے جا سکے۔ تاہم حکومت پنجاب کی طرف سے مسلسل نظرانداز کئے جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سبزی منڈی کی خالی اراضی پر پبلک پارک بنانے کے اقدامات شروع کر دیئے اور پی ایچ اے کی طرف سے پبلک پارک کی تعمیر پر 32 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور نگران صوبائی حکومت نے پبلک پارک بنانے کی منظوری دے دی ہے جہاں پر آہنی چار دیواری کر کے اندرونی وبیرونی واک وے ٹریک’ آئوٹ ڈور جم سیٹ’ تاریخی ورثہ پر مشتمل باغ’ پبلک واش رومز’ الیکٹریکل وکلینکل ورک’ ہارٹیکلچر ورک’ فوڈ کورٹ بنائے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فنڈز کے اجراء کے بعد پبلک پارک کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ پبلک پارک کے منصوبہ کے بعد آئی ٹی یونیورسٹی کا منصوبہ ٹھپ کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں