ممبئی (سپورٹس نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے انکشاف کیا ہے کہ میرا بین الاقوامی کرکٹ کیریئر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کے تنازع کی وجہ سے وقت سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔بھارتی یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں کیون پیٹرسن نے دعوی کیا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے ابتدائی دنوں میں میرے خلاف میڈیا کے ذریعے وِچ ہنٹ (منفی مہم) چلائی، بورڈ نے اخبار دی ٹیلی گراف کو استعمال کرتے ہوئے مجھ پر دبا ڈالا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2008 میں انگلینڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ 2009 میں محدود مدت کے لیے مجھے اجازت دی گئی، اسی سال میں نے آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد میرے بورڈ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے۔کیون پیٹرسن کا کہنا ہے میں نے بڑے سمجھوتے کیے اور اپنا کیریئر کھو دیا، میرا کیریئر 33 سال کی عمر میں 104 ٹیسٹ میچز کے بعد ختم ہو گیا۔




