آتش بازی کی تیاری اور فروخت کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ

چنیوٹ(نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ نے آتش بازی کے سامان کی غیرقانونی تیاری اور فروخت کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے اس حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے غیرقانونی کارخانوں اور فروخت کنندگان کے خلاف کریک ڈان کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ انتہائی ضروری ہے اور ایسے غیرقانونی کاروباروں سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پھیلتی ہے بلکہ جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیرقانونی کاروبار کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نشاندہی کرنے والے افراد کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے باہر نہیں ہو گا۔سول ڈیفنس کی ٹیموں نے ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے دو غیرقانونی کارخانوں کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران کارخانوں کو سیل کر دیا گیا اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ضبط شدہ غیرقانونی سامان کو ضلعی انتظامیہ کے حکم پر تلف کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی عوامی حفاظت کو یقینی بنانے اور غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اٹھائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے واضح کیا کہ انتظامیہ کا اولین مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور ایسے غیرقانونی کاروباروں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے غیرقانونی کاروباروں پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیرقانونی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر دیں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں