آتش بازی کے سامان کی تیاری کے دوران زور دار دھماکہ،کارخانہ کی چھت زمین بوس،پانچ افراد زخمی

کمالیہ(نامہ نگار)تھانہ صدر کمالیہ کے علاقہ میں آتش بازی کے سامان کی تیاری کے دوران زور دار دھماکہ کارخانہ کی چھت زمین بوس ہوگی دھماکے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے پانچ افراد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی روڈ پر لاثانی پمپ کے قریب واقع چاند آتش باز کے مقام پر آتش بازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے باعث شدید دھماکہ ہوا جس سے عمارت زمین بوس ہو گئی اور وہاں کام کرنیوالے چار افراد سمیت ایک راہگیر زخمی ہو گئے ۔زخمی ہونے والوں میں شاہد ولد علی محمد قوم راجپوت (عمر25 سال) سکنہ فیصل آباد، ارباز ولد ریاض قوم کھرل (عمر 18 سال) سکنہ چک نمبر 711 گ ب واہگی کمالیہ، عامر ولد شاکر قوم پٹھان (عمر 25 سال) سکنہ چارسدہ خیبرپختونخوا، عمر دراز ولد شفیع (عمر 30 سال) سکنہ فیصل آباد جبکہ حنا شہزادی دختر محمد صدیق سکنہ چاہ لال والا کمالیہ شامل ہیں ۔زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ سے تشویشناک حالت میں ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ریفر کردیا گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر کمالیہ وسیم اسلم گورایہ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔پولیس کے مطابق آتش بازی کے سامان کی تیاری کے دوران دھماکے کے بعد بھڑکنے والی آگ کے باعث حادثہ پیش آیا ۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں