30

آج اپنا حق مانگیں گے’عمران

لاہور(بیوروچیف )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں اور بھاگ رہے ہیں، پوری قوم سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑی ہے، نگراں حکومت غیر آئینی ہے،آج یوم مئی پر ریلی میں اپنا آئینی حق مانگیں گے، ہماری کوشش ایک فلاحی ریاست کی ہے،ہمارا اگلا قدم ایجوکیشن کارڈ لانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے حقیقی آزادی ٹرانسمیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا آج یکم مئی کو دن ایک بجے لبرٹی چوک سے ناصر باغ جائیں گے، پاکستانیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ریلی میں شرکت کریں میں خود ریلی کی قیادت کروں گا میرے ساتھ نکلیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے شروع ہونے والی ریلی کو شاہ محمود اور اسد عمر لیڈ کریں گے، خیبرپختونخوا سے پرویز خٹک سمیت عہدیداران ریلی کی قیادت کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کو تینوں ریلیوں میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں، ہمارے اوپر وہ نگران حکومت بٹھائی گئی جس نے الیکشن کے سوا تمام کام کیے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے آئین اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں اور بھاگ رہے ہیں، پوری قوم سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی میں انہوں نے ہیلتھ کارڈ بند کردیے جس کی وجہ سے دیہاتوں میں اسپتال بن رہے تھے، پرائیویٹ سیکٹر دیہاتوں میں اسپتال بنا رہا تھا، پناہ گاہیں بند ہونے سے مزدوروں کا خرچہ بڑھے گا۔عمران خان نے کہا کہ میرا مقصد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے، ہم ہیلتھ کارڈ کے ساتھ ایجوکیشن کارڈ لے کر آئیں گے، ایجوکیشن کارڈ سے غریب کا بچہ اچھے اسکول میں تعلیم حاصل کرسکے گا۔ ہماری کوشش ایک فلاحی ریاست کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے عام آدمی پرائیویٹ اسپتالوں میں جا کر سرجری کرا سکتے ہیں۔مگر اب خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ ختم کر دیا گیا ہے ، پناہ گاہوں کو بند کیا جا رہا ہے۔ ہمارا اگلا قدم ایجوکیشن کارڈ لانا ہے ، ایجوکیشن کارڈ سے غریب کا بیٹا بڑے پرائیویٹ اسکولوں میں جا سکے گا ،ہمیں موقع ملا تو تعلیم اور صحت کارڈ لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں