آج کے پیشہ وارانہ ماحول میں صرف تعلیمی ڈگریاں کافی نہیں،نواز خالد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دو روزہ سمپوزیم بعنوان ”قابلیت پر مبنی کیریئر ڈویلپمنٹ” کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف ایگری ایکسٹینشن ایجوکیشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ نے کیا۔ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے سابق پی ایم ایس افسر نواز خالد نے کہا کہ آج کے پیشہ ورانہ ماحول میں صرف تعلیمی ڈگریاں کافی نہیں بلکہ عملی مہارتیں، قیادت کی صلاحیت اور اخلاقی اقدار بھی انتہائی اہم ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف ایگری ایکسٹینشن، ایجوکیشن اینڈ رورل ڈو یلپمنٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بابر شہباز نے کہا کہ جامعات کو روایتی تدریسی طریقوں سے آگے بڑھ کر ایسے جدید تعلیمی ماڈلز اپنانا ہوں گے جو تعلیم کو عملی زندگی کے مسائل سے جوڑ سکیں۔ عمران خالد نے صنعتی شعبے کے نقطہ نظر سے کہا کہ آج کے آجر ایسے گریجویٹس کو ترجیح دیتے ہیں جو عملی مہارت، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ اعتماد رکھتے ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اشرف نے کہا کہ تجزیاتی سوچ، ٹیم ورک، جدت اور قیادت جیسی صلاحیتوں پر توجہ دینے سے طلبہ ایسے باصلاحیت پیشہ ور بن سکتے ہیں جو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ اس موقع پر صائرہ خانم، ڈاکٹر ثمینہ طاہرہ اور جہانزیب طارق نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں