آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی والدہ انتقال کرگئیں

اسلام آباد (بیوروچیف) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ قضائے الٰہی سے وفات پا گئیں، (انا للہ و انا الیہ راجعون)!دعا ہے کہ اللہ پاک مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، آمین۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی والدہ گزشتہ شب قضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں، جن کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں صدر، وزیراعظم ، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ سمیت مسلح افواج کے افسران اور جنرل عاصم منیر کے خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت اہم شخصیات نے سربراہ پاک فوج سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، وزیراعظم نے مرحومہ کے لیے بلند درجات کی دعا بھی کی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، گورنر کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی پاک فوج کے سربراہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور رہنمائوں نے بھی آرمی چیف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، ایک بیان میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں