1

آرٹس کونسل فیصل آباد میں11واں لٹریسی فیسٹیول شروع ہوگیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد میں 11واں فیصل آباد لٹریری فیسٹیول شروع ہوگیا۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے دو روزہ فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور آرگنائزرز بھی ہمراہ تھے۔کمشنرنے فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے آرگنائزرز اور ملک کے نامور ادبی دانشوروں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ علم و ادب اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد معاشرے کا گرانقدر اثاثہ ہیں جو اپنی فکری و تعمیری تحریروں اور فن کے ذریعے لوگوں کی صحیح سمت رہنمائی، مثبت رویوں کے فروغ اور معاشرتی الجھا کو سنوارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علم و ادب کے شعبے میں فیصل آباد ایک زرخیر خطہ ہے جس نے ادب کے مختلف اصناف میں معتبر نام پیداکئے ہیں۔کمشنر نے فیسٹیول کو علم و ادب اور فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے احسن اقدام قرار دیااور کہا کہ شائقین علم و ادب کے لئے یہ فیسٹیول ان کے علمی ذوق کی بہترین تسکین کرے گا۔انہوں نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسے ایونٹس کی بدولت غور و فکر اور سوچنے کا زیادہ احساس پیدا ہوتا ہے۔آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان اصغر ندیم سید،افتخار عارف،سارہ حیات،توشیبا سرور،رسول بخش ریئس و دیگر نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا تسلسل سے انعقاد اس امر کا اعتراف ہے کہ فیصل آباد بڑے شہروں کے ادبی مناظر میں نمایاں دکھائی دیتا ہے اور اس شہر کے باذوق سامعین کی بھر پور شمولیت احساس دلاتی ہے کہ اس فیسٹیول کو ہر سال پہلے سے زیادہ منفرد ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لائلپور ادبی تاریخ کا وارث ہے جس نے ادبی افق پر بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے افتتاحی سیشن کی صدارت اصغر ندیم سید نے کی،فکری دانشوروں نے فنون لطیفہ کے موضوعات پر کلیدی خطباب پیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں