آسٹریلوی سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ کے وفد کا زرعی یونیورسٹی کا دورہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)آسٹریلوی سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ اور کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے وفد نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور آسٹریلیا کے تعاون سے جاری منصوبہ برائے کلائیمیٹ ریزیلینٹ اور پاکستان میں واٹرایلو کیشن کا جائزہ لیا۔ وفد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سب کیمپس کا بھی دورہ کیا۔ زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آصف کامران نے سماجی اقتصادی اور آبپاشی کے زرعی اجزا پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ACIAR کے کنٹری منیجر ڈاکٹر منور رضا کاظمی نے چھوٹے کاشتکاروں کی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے زرعی تحقیق میں معاونت کے لیے گزشتہ 40 سال سے زائد عرصے کے دوران 75 ملین آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے 80 سے زائد منصوبوں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ جس میں ACIAR کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی میں سٹرس، دالوں اور چھوٹے کاشتکاروں کے متعلق منصوبہ جات پر بھی روشنی ڈالی۔ کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے پرنسپل ریسرچ سائنٹسٹ ڈاکٹر مبین الدین احمد نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بدلتی ہوئی آب و ہوا کے تحت مقامی شراکت داروں کے تحت نہری پانی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ سینئر سائنسدان سوزن کڈی، ڈائریکٹر ریسرچ زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر عمران ارشد، پرنسپل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس ڈاکٹر ضیاء الرحمن، ڈاکٹر مارٹا مونجرڈینو، بریرہ فاطمہ، کاشف منظور، انجینئر خرم کمبوہ، انجینئر مشتاق گل، جاوید اقبال گورایا، ڈاکٹر عمیر گل ،ڈاکٹر نوید فرح نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں