آلودگی پھیلانے والی سرکاری گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے آلودگی پھیلانے والی سرکاری گاڑیوں کے خلاف کریک ڈان کا فیصلہ کرلیا۔پنجاب میں سرکاری گاڑیوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومت نے بڑا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں 30 جنوری کے بعد سرکاری گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا آغاز کیا جائے گا۔محکمہ ماحولیات اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ ٹیمیں 30 جنوری کے بعد سرکاری گاڑیوں کی انسپکشن کریں گی تاکہ ان گاڑیوں کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ اس حوالے سے ڈی جی ماحولیات، عمران حامد شیخ نے پنجاب کے تمام محکموں، کمشنرز، اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری محکمے 30 جنوری سے قبل اپنی گاڑیوں کے لیے وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ مراسلے میں تمام محکموں کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی انسپکشن کو یقینی بنائیں تاکہ آلودگی کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے اس اقدام کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکمے اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور ماحول کی بہتری کے لیے گاڑیوں کی انسپکشن کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں