آٹھ بازاروں میں راستے بندکرنا نامناسب ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاجر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار حاجی منیر احمد نورانی سابقہ صدر انجمن تاجران جامع گلی نمبر 2 فیصل آبادنے ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر میں تاجروں کی صرف اور صرف ایک تنظیم ہونی چاہیے ۔ کیونکہ تاجروں کے مسائل کا حل صرف اسی صورت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ بازاروں میں راستے بند کرنا انتہائی نامناسب اقدام ہے جس سے خریداروں کا آنا مشکل بن چکا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ راستوں کو کھولا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انکروچمنٹ کا خاتمہ کرنا احسن اقدام ہے مگر کاروبار کا بندکردینا ظلم عظیم ہے۔ اس موقع پر ممتا ز تاجر رہنما سابق MNAمیاں عبدالمنان ، منصب علی زین، ساجد قادری، چوہدری ایوب، محمد اعظم ، محمد شاہد اور بڑی تعداد میں تاجر رہنما موجود تھے۔ میاں عبدالمنان نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ جلد حالات بہتر ہو جائیں گے اور راستے کھول دیئے جائیں گے۔ انہوںنے اس توقع کا اظہار کیا کہ تاجر برادری انتظامیہ سے تعاون کریگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں