60

آٹے کے نرخوں میں مصنوعی اضافہ کرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ میں آٹے کی قلت ہو گی نہ روٹی مہنگی’ آٹے کے نرخوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہو گی آٹا اور روٹی مہنگی ہونے کا نقصان صرف غریب عوام کا ہو گا، فلور ملز مالکان کے جائز مسائل حل کریں گے، جبکہ فلور ملز مالکان نے وزیراعلیٰ کی مداخلت پر ہڑتال کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے آٹے کی گرائنڈنگ کا عمل شروع کر دیا ہے اور پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی بحال ہو گئی فلور ملوں کی طرف سے ہڑتال ختم کرنے پر پنجاب حکومت نے سراہا ہے سیکرٹری خوراک نے آٹا ڈیلرز کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہڑتال کی آڑ میں آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے سے باز رہیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہو گی،، آٹا ڈیلرز کو آٹے کے ریٹس مصنوعی طریقے سے بڑھانے سے روکنے کیلئے پنجاب حکومت کی وارننگ سے آٹے اور روٹی کے نرخوں میں اضافہ روکنے میں مدد ملے گی فلور ملوں کی ہڑتال کے بعد ملک میں یک دم چاولوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا لوگوں نے چاولوں کی خریداری تیز کر دی تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کوششوں سے فلور ملز مالکان نے ہڑتال ختم کر دی اور آٹے کی سپلائی شروع کر دی ہے جس کے بعد لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے’ مریم نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے آٹا مافیا پر ہاتھ ڈالا تھا جس کے نتیجہ میں آٹے کے نرخوں میں واضح کمی واقع ہوئی روٹی نان کے سرکاری نرخ مقرر کئے گئے اور ضلعی حکومتوں کے ذریعے احکامات پر عملدرآمد کرایا آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی آٹا چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمت کم کی اور غریبوں کو روٹی سستے داموں ملنے لگی حالیہ بجٹ کے بعد ایک بار پھر آٹا مافیا نے اپنی پرانی روش اپنانے کی کوششیں شروع کر دیں اور آٹے کے نرخوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ فلور ملز مالکان کو بھی حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے آمادہ کر لیا مگر وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے اپنی بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے آٹے کے نرخوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کی کوششیں ناکام بنا دیں جو خوش آئند ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی حکومت کے ابتدائی 100روز میں عوامی فلاحی منصوبوں کی بدولت صوبہ کے عوام کے دلوں میں گھر کر لیا ہے، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کو ہر سطح پر سراہا گیا تعلیم کا شعبہ ہو’ صحت کا شعبہ ہو’ زراعت ہو سپورٹس یا ٹرانسپورٹ سب کی بہتری کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے یہی وجہ ہے کہ ملک کے تینوں صوبوں کے عوام پنجاب میں گڈگورننس کے گن گاتے نظر آ رہے ہیں اور اسکی تقلید پر زور دے رہے ہیں، پنجاب ملک کا بڑا اور اہم ترین صوبہ ہے ایک متحرک وزیراعلیٰ ہی اس کا نظام چلا سکتا ہے اور مریم نواز شریف اس صلاحیت سے مالامال ہیں ان کی حکومت کامیابی کے ساتھ صوبہ کے عوام کی خدمت میں مصروف ہے مریم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ پنجاب میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مزید اچھے اقدامات اُٹھائیں تاکہ عام آدمی کی زندگی آسان ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں