آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 6سال ہو گئے

اسلام آباد ( بیو رو چیف )بھارتی جارحیت کے کرارے جواب آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 6سال مکمل ہوگئے۔27فروری کا دن پاکستانی عوام یقینا سرپرائز ڈے کے نام سے یاد رکھتے ہیں کیونکہ اس دن مشہور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ انجام پایا تھا جسے آج6سال مکمل ہوگئے ہیں۔آج سے6 سال قبل پاکستان میں دراندازی کی صورت میں بھارت کو نہ صرف منہ کی کھانی پڑی بلکہ پاکستانی قوم کے لیے یہ دن فخر کی علامت بن گیا۔27 فروری 2019 کو بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی تاہم پاکستان نے جرات مندی سے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، یوں کہیں آج کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے برتری کے تمام دعووں کو خاک میں ملا دیا تھا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے مگ ٹوئنٹی ون اور سخوئی تھرٹی طیارے مار گرائے گئے تھے، یہی نہیں پاک فوج نے آزاد کشمیر میں پیرا شوٹ سے اترنے والے اور مقامی افراد کے ہاتھوں لہو لہان ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ لیا اور پھر جذبہ خیر سگالی کے تحت اسے چائے پلا کر رخصت کیا گیا تھا۔آج بھی بھارتی ونگ کمانڈر کی وردی، جہاز کی باقیات اور چائے کا کپ پی اے ایف میوزیم کراچی کی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ گیلری میں محفوظ ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف، سروسز چیفس نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے مسلح افواج کے غیرمتزلزل حوصلے، پروفیشنلزم، قربانیوں کو سراہا، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ بھارت کی بلا جواز جارحیت کے خلاف ایک مضبوط اور محتاط جواب تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن نے پاکستان کے اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر ثابت کیا، آپریشن نے پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل مہارت اور تیاری کو اجاگر کیا، جارحیت کو مثر طریقے سے روکنے اور فوری جواب کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پورے معرکے کے دوران مکمل آپریشنل غلبہ برقرار رکھا گیا، عسکری قیادت نے پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا، علاقائی امن کے قیام کیلئے جاری کوششوں کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔عسکری قیادت کے مطابق مسلح افواج کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، مسلح افواج عوام کے اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گی، عسکری قیادت مسلح افواج مادروطن کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ بھرپور تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں